مری میں شدید دُھند، حدنگاہ کم، ٹریفک کی روانی متاثر

مری میں شدید دُھند، حدنگاہ کم، ٹریفک کی روانی متاثر

سوات میں گلیشیئر پھٹنے سے چھوٹا کے ٹو جانیوالا ایک کو ہ پیما لاپتا ، 7زخمی اسلام آباد میں ہلکی بارش، مون سون کا دوسرا سپیل آج شروع ،اربن فلڈنگ کا خدشہ

راولپنڈی،مری ،سوات (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں ) مری میں شدید دُھند،حدنگاہ کم،ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے ۔ ڈی پی او مری کے مطابق شدید دھند کے باعث ملکہ کوہسار کی شاہراہوں پر حدِ نگاہ کم ہو گئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے ، ڈاکٹر تنویر نے بتایا کہ مری پولیس اور ٹریفک وارڈنز ہائی الرٹ اور شہریوں کی معاونت کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں ،شہری موسمی حالات کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،مری آنے والے سیاح اور مقامی افراد گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں ۔ادھر سوات میں گلیشیئر پھٹنے سے ایک کو ہ پیما لاپتا اور 7زخمی ہو گئے ۔سوات کے علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹ گیا۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق کوہ پیما چھوٹا کے ٹو کے بیس کیمپ جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں کا تعلق راولپنڈی سے ہے جنہیں سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سید علی شاہ کی تلاش جاری ہے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز راولپنڈی ،اسلام آباد میں ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں میں تیز بارش ہو ئی ، آج گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق خیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اورکشمیر میں تیز بارش ہوگی جبکہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل آج سے شروع ہو گا ۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ دوسرے سپیل میں کم وقت میں زیادہ بارش کے امکانات ہیں۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ، مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...