جیہو، دھانی قبائل میں دشمنی کا خاتمہ پولیس کی کامیابی،ضیا لنجار
15 سالہ خونی تنازع نے 25 قیمتی انسانی جانیں نگل لیں، متعدد افراد زخمی ہوئے دونوں قبائل کے 28افراد سرنڈر،انصاف کے تقاضے پورے کرینگے ،وزیر داخلہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے لاڑکانہ میں جیہو اور دھانی قبائل کے درمیان 15 برس سے جاری خونی قبائلی دشمنی کے خاتمے کو سندھ پولیس کی ایک تاریخی، غیرمعمولی اور مثالی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے صرف اشتہاری اور مطلوب ملزموں کو قانون کے سامنے سرنگوں نہیں کیا بلکہ نفرت، انتقام اور خونریزی کے ایک طویل باب کو بھی بند کرکے امن کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ انہوں نے کہا لاڑکانہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی، مسلسل آپریشنز، غیرجانبدارانہ کارروائی،دانشمندانہ مذاکرات اور قانون کی بلاامتیاز عملداری کے نتیجے میں جیہو اور دھانی قبائل کے 28 افراد نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کردیا، جن میں ہیڈ منی والے اشتہاری ملزم بھی شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام ملزم قانون کے مطابق عدالتوں کا سامنا کریں گے اور انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے ۔ضیا لنجار نے کہا 15 سالہ خونی تنازع نے 25 قیمتی انسانی جانیں نگل لیں، متعدد افراد زخمی ہوئے ، جبکہ دشمنی کے باعث تقریباً دو ہزار ایکڑ زرعی زمین بنجر پڑی رہی اور 3 دیہات کے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ،آج سندھ پولیس کی کامیاب حکمت عملی کی بدولت وہی علاقے دوبارہ امن، استحکام اور معمول کی زندگی کی جانب گامزن ہیں، جو سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے باعث اطمینان ہے ۔
انہوں نے کہا لاڑکانہ پولیس نے ثابت کردیا کہ ریاست کی طاقت بندوق سے نہیں بلکہ قانون کی بالادستی سے قائم ہوتی ہے ،سندھ پولیس نے اس کارروائی کے ذریعے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ صوبے میں قانون سے کوئی بالاتر نہیں اور امن دشمن عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی لاڑکانہ کی دلیرانہ قیادت، معاملہ فہمی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور پوری پولیس ٹیم کی شبانہ روز کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی قابل تقلید ہے ۔ضیا لنجار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت اور پولیس صوبے بھر میں امن و امان کے قیام، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے اپنی کارروائیاں اسی عزم اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments