نجی سکول 10 فیصد بچوں کی مفت تعلیم یقینی بنائیں : قائمہ کمیٹی

نجی سکول 10 فیصد بچوں کی مفت تعلیم یقینی بنائیں : قائمہ کمیٹی

10روز میں قانون پر عملدرآمد یقینی ورنہ لائسنس منسوخ:چیئرمین کمیٹی کی وارننگ محکمہ سکول ایجوکیشن خود ایسے بچوں کی نشاندہی کرے اورداخلے دلائے :ایک رکن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے صوبے بھر کے نجی سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق اپنے اداروں میں کم از کم 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں نجی سکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے سے متعلق قانونی شرط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نجی سکول آئندہ 10 روز کے اندر اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کے ایک رکن نے تجویز پیش کی کہ مستحق بچوں کے اندراج کیلئے صرف نجی سکولوں کے فراہم کردہ اعداد و شمار پر انحصار نہ کیا جائے ، بلکہ محکمہ سکول ایجوکیشن خود ایسے بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں نجی تعلیمی اداروں میں داخلہ دلائے ، تاکہ شفافیت برقرار رہے اور عملدرآمد کی مؤثر نگرانی ممکن ہو، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے واضح کیا کہ جو نجی سکول مقررہ مدت میں قانون پر عمل نہیں کریں گے ان کے لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی،اس موقع پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ صوبے کے تمام نجی سکولوں سے 10 فیصد مفت تعلیم سے متعلق تفصیلات اور اعداد و شمار جمع کئے جائیں گے تاکہ قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...