مریم نواز کی کارکردگی سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار : عظمیٰ
آزاد کشمیر کے عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کر کے ووٹ کو ترجیح دی الزامات کے بجائے کارکردگی دکھائیں،لوگ پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مخالفین کے پاس عوام کو دکھانے کیلئے کچھ نہیں، اسی لئے وہ بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست کا سہارا لے رہے ہیں،آزاد کشمیر کے عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کرکے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی جبکہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں مون سون سے قبل کیے گئے موثر انتظامات، جدید انفراسٹرکچر اور بروقت حکومتی اقدامات کے باعث ریکارڈ بارشوں کے باوجود شہریوں کو ریلیف ملا ،جن کے پاس کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں وہ صرف الزامات لگاتے ہیں ،مخالفین کو چاہیے الزامات کے بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دھاندلی کے خلاف بیانات دے رہے تھے وہی ہار کے خوف سے خود دھاندلی پر اتر آئے ،آزاد کشمیر کے عوام بھی اپنے علاقوں میں ستھرا پنجاب، الیکٹرک بسیں، ہونہار سکالرشپ، لیپ ٹاپ سکیم اوردیگر منصوبے چاہتے ہیں، بلکہ پورے پاکستان کے عوام پنجاب جیسی ترقی اور طرز حکمرانی کی خواہش رکھتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میاں نواز شریف کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں، وہ جس طرح پنجاب کے معاملات میں رہنمائی کر رہے ہیں اسی طرح آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی بھی سرپرستی کریں گے ، وہ تو وزیراعظموں کے وزیراعظم ہیں۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مون سون، بارشوں اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،پنجاب حکومت زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور واسا سمیت تمام متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک رہیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments