5اگست جلسہ : پی ٹی آئی وفد کی ڈی سی لاہورسے ملاقات

5اگست جلسہ : پی ٹی آئی وفد کی ڈی سی لاہورسے ملاقات

دیگر جماعتوں کو جلسوں کی اجازت دی گئی، ہمیں بھی دی جائے :سلمان اکرم

لاہور(سیاسی نمائندہ)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی قیادت میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی، صدر پی ٹی آئی لاہور میاں اکرم عثمان اور دیگر رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز سے ملاقات کر کے 5 اگست کو مینارِ پاکستان یا متبادل مقام پر جلسے کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ کی اجازت کیلئے 22 جولائی کو باقاعدہ درخواست جمع کرائی تھی، تاہم ابتدا میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست موصول ہی نہیں ہوئی۔

بعد ازاں خود ریکارڈ سے 22 جولائی کی موصولی کی مہر سامنے آ گئی،حالیہ دنوں میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی جلسوں کی اجازت دی گئی، ہمیں اس حق سے محروم رکھنا آئین و قانون کے منافی ہوگا ، اس لیے پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے ،پارٹی ہر صورت پرامن جلسہ کرے گی اور سکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی ۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز نے اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست بھی دیگر جماعتوں کی طرح ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کو بھجوائی جائے گی اور اسی فورم کی سفارشات کی روشنی میں جلسے کی اجازت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...