وزیرِ پٹرولیم ، آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب
مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق ، اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی اوگرا آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ،علی پرویز ملک
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک اور آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے مذاکرات کے بعد مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا، وزیرِ پٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی، اسپیشل سیکر ٹری پٹرولیم کی سربراہی میں قائم کمیٹی ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرے گی، کمیٹی میں ڈی جی آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے ، قبل ازیں اوٹکا کا وفد صدر عابداللہ آفریدی کی قیادت میں وزیرِ پٹرولیم سے ملاقات کے لیے پہنچا، اوٹکا نے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹا میں کمی، فریٹ فارمولے اور کمرشل لوڈنگ سے متعلق مطالبات پیش کئے ، وزیرِ پٹرولیم نے اوگرا کو آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس کی تحریری پالیسی جمع کرانے ، اوگرا کو آئل ٹینکرز کی مؤثر ٹریکنگ اور ڈیلرز کی گاڑیوں کو پرائمری ٹرانسپورٹیشن سے الگ رکھنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments