ڈیجیٹل ٹیکنالوجی عوام دوست عدالتی نظام کیلئے ناگزیر : چیف جسٹس

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی عوام دوست عدالتی نظام کیلئے ناگزیر : چیف جسٹس

وکلا برادری تربیت، پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرے :یحییٰ آفریدی پنجاب بار کونسل وفد کی ملاقات، عوام دوست عدالتی نظام کیلئے جاری کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتی نظام کو خودکار، موثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کیلئے تمام فریقوں کی ڈیجیٹل مہارت ناگزیر ہے ، جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عوام دوست عدالتی نظام کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ چیف جسٹس نے وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے ذریعے استعداد کار بڑھانے کے جاری مختلف پروگراموں سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ وکلا برادری تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرے۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل خواجہ قیصر بٹ کی زیر قیادت وفد میں ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین فخر حیات اعوان، پبلیکیشن کمیٹی کے چیئرمین ملک غلام عباس نسوانہ، سردار عبدالباسط خان بلوچ، ملک مقصود کھوکھر، رانا سر بلند خان، چودھری عمر محمود، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سہال، سیکشن آفیسر آفتاب احمد اور غلام رضا شامل تھے ۔ وفد نے عدالتی کمپلیکسز میں ای لائبریریوں، سولرائزیشن اور خواتین سہولت مراکز کے قیام کو اہم اقدامات قرار دیا۔ وفد نے چیف جسٹس کو پاکستان لا ویب سائٹ تک رسائی کیلئے لاگ اِن معلومات بھی پیش کیں۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بینچ اور بار باہمی تعاون سے پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ، ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی اصلاحات کے فروغ اور عوام دوست عدالتی نظام کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...