افغانوں کوپناہ یاروزگار دینا بھی جرم، کارروائی ہوگی:سندھ پولیس
دہشت گردی خدشات موجود، سکیورٹی ادارے سدباب کر رہے ہیں:ایڈیشنل آئی جی سندھ میں دہشت گردی کے 8واقعات، گزشتہ سال 37 تھے ، تاجروں سے خطاب
کراچی(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی سندھ آزاد خان نے کہا ہے کہ افغانوں کو پناہ دینا اور روزگار فراہم کرنا بھی جرم ہے ، ایسے لوگوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، لہٰذا کوئی بھی تاجر افغانیوں کو روزگار اور تحفظ فراہم کرنے سے گریز کرے ۔ آزاد خان نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر کراچی چیمبر ریحان حنیف، سینئر پولیس افسران اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ نے کہا کہ دہشتگردی کے خدشات موجود ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کا سدباب کر رہے ہیں۔ سندھ پولیس اور ایجنسیاں اچھا کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور شہر کے بارے میں منفی بات کرتے ہیں تو باہر والا بھی اسے برا سمجھتا ہے ، سندھ بھر میں رواں سال دہشت گردی کے 8 واقعات ہوئے جو گزشتہ سال 37 تھے ۔ گزشتہ چھ ماہ میں مجموعی طور پر اسٹریٹ کرائم میں 15فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گاڑی چھیننے اور دوران ڈکیتی قتل کی وارداتوں میں سالانہ 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کا کیس بہت جلدی حل کر لیا گیا۔ رواں سال 9 بھتہ خور مقابلے میں ہلاک اور 61 گرفتار کیے گئے ۔ بھتہ خوروں کے بیرون ملک مقیم 4 سرغنوں کے خلاف ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments