وفاقی حکومت ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکام:سہیل آفریدی
خیبرپختونخوا کا ہدف 129ارب، تاہم 150ارب سے زائد ریونیو حاصل کیا صوبے کو جن چیلنجز کا سامنا وہ کسی دوسرے صوبے کو درپیش نہیں:وزیراعلیٰ
پشاور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے معاشی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئیے ۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا خیبرپختونخوا کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ، وہ کسی دوسرے صوبے کو درپیش نہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا نے مالی سال کے دوران 129 ارب روپے ریونیو جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم صوبے نے 150 ارب روپے سے زائد ریونیو اکٹھا کیا اور اس دوران کوئی نیا ٹیکس بھی عائد نہیں کیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا وفاقی حکومت اپنا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی جبکہ خیبرپختونخوا غیر ضروری اخراجات سے گریز کرتے ہوئے مالی نظم و ضبط برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی شرح نمو کم ہو چکی ، زراعت کی گروتھ منفی ہو گئی، کسان اور صنعت کار مشکلات کا شکار ہیں اور قومی قرضہ 42 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 97 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر قابو میں رکھا گیا ہے ، جس کے منفی اثرات معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے ملک کو سنگین معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments