قوم بانی پی ٹی آئی کیلئے گھروں سے نکلے
کراچی (سٹاف رپورٹر) پا کستان تحریک انصاف سندھ نے بانی چیئرمین کی قید کے تین سال مکمل ہونے پر آج 5 اگست کو)یومِ سیاہ منانے اور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے ۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جھوٹے مقدمات میں ناحق قید رکھا گیا ہے ، اس لیے قوم اپنے قائد کی رہائی کے لیے گھروں سے نکلے اور احتجاج میں بھرپور شرکت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے زیر اہتمام صوبے کے تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلوں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ کراچی میں مرکزی احتجاج 5 اگست کو شام 4 بجے کراچی پریس کلب کے باہر ہوگا۔ اس کے علاوہ سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے ۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی، تمام سیاسی قیدیوں کی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی، عوام کے مبینہ چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی اور آزاد عدلیہ کے قیام کے مطالبات کو اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، ظلم اور ناانصافی کے خلاف عوام بھرپور شرکت کریں اور تمام عہدیداران، کارکنان اور سپورٹرز 5 اگست کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ گزشتہ 15 روز سے جاری عوامی رابطہ مہم کامیاب رہی ہے اور امید ہے کہ آج کا احتجاج بھی بھرپور عوامی شرکت سے کامیاب ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کا احتجاج مکمل طور پر پرامن، آئینی اور جمہوری ہوگا اور سندھ کی باشعور عوام اپنے قائد سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج میں شریک ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments