آبنائے ہرمز کے بارے مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں: مارکو روبیو

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور امریکا کو امید ہے کہ معاہدہ بہت جلد طے پا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا اس وقت اہم نہیں، تاہم مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو توقع ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ جلد طے پا جائے گا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت مزید بہتر ہو سکے گی۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکراتی عمل جاری ہے اور تمام متعلقہ فریق اس اہم بحری گزرگاہ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے رابطے میں ہیں۔

قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائے گا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے، آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلے مرحلے کی کامیابی ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی، تاہم اگر کوئی دوسرا فریق ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا بھی اس کے مطابق جواب دے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...