نیب کی 2026 کی دوسری سہ ماہی میں 2.45 ٹریلین روپے ریکارڈ ریکوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 2 ہزار 452 ارب روپے (2.45 ٹریلین روپے) کی ریکارڈ ریکوری کر لی جبکہ بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں 10 لاکھ 78 ہزار 283 ایکڑ سے زائد قیمتی سرکاری زمین بھی واگزار کرائی گئی۔
نیب کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ریکوری 5 ہزار 414 ارب روپے (5.41 ٹریلین روپے) تک پہنچ گئی، جو اب تک کی سب سے زیادہ ششماہی وصولیاں ہیں۔
نیب سکھر نے سب سے زیادہ ریکوری کرتے ہوئے بورڈ آف ریونیو سندھ اور سیکریٹری جنگلات کے تعاون سے این ایچ اے، جنگلات اور آبپاشی محکموں کی 8 لاکھ 53 ہزار 678 ایکڑ زمین، جس کی مالیت ایک ٹریلین روپے سے زائد ہے، بازیاب کرا کر صوبائی حکومت کے نام منتقل کر دی۔
نیب بلوچستان نے کوسٹل ہائی وے، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اراضی اور ہنگول نیشنل پارک سمیت دیگر علاقوں کی 2 لاکھ 9 ہزار 544 ایکڑ زمین، مالیت 604 ارب 64 کروڑ روپے، واگزار کرائی۔
نیب کراچی نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور افراد کو غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی یا مشکوک لیز پر دی گئی 11 ہزار 422 ایکڑ سرکاری زمین مالیت 467 ارب 11 کروڑ روپے واپس حاصل کی، نیب لاہور نے پی سی بی ایل اور سرکاری اداروں کی ایک ہزار 909 ایکڑ زمین مالیت 288 ارب 29 کروڑ روپے بازیاب کرائی۔
نیب اسلام آباد، راولپنڈی نے سی ڈی اے کے فلاحی پلاٹس پر مشتمل 810 ایکڑ زمین مالیت 66 ارب 63 کروڑ روپے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے واپس حاصل کی، نیب ملتان نے 920 ایکڑ سرکاری زمین مالیت 2 ارب 76 کروڑ روپے واگزار کرائی۔
نیب کے مطابق ہاؤسنگ اور مالیاتی فراڈ کے مقدمات میں 24 ہزار 365 سے زائد متاثرین کو 42 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی خورد برد شدہ رقم اور اثاثے واپس دلائے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب مکمل کاغذی کارروائی سے پاک ای آفس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظام کی جانب منتقل ہو چکا ہے، جس کے ذریعے پیچیدہ مقدمات کے تجزیے، تفتیش اور شواہد کی جانچ میں مشین لرننگ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
نیب کے مطابق مارچ 2023 سے جون 2026 تک مجموعی طور پر 16 ہزار 938 ارب روپے (16.94 ٹریلین روپے) کی ریکوری کی گئی، جو بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کا اہم حصہ ہے۔
نیب نے شفاف اور جوابدہ نظام حکمرانی کے قیام کے لیے انسداد بدعنوانی اقدامات، روک تھام اور عوامی آگاہی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments