اسحاق ڈار سرکاری دورہ پر آج اردن روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہوں گے، جہاں وہ 5 اگست کو اومان، اردن میں القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار یہ دورہ اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے گروپ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد مقبوضہ القدس میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر متفقہ اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔

اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر شریک وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کی اصولی حمایت اور قیام فلسطین کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست 1967 سے پیشگی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...