سوراب:بارود سے بھری گاڑی تیاری کے دوران پھٹ گئی،18دہشتگرد ہلاک،3شہری شہید:آئی ایس پی آر

سوراب:بارود  سے  بھری  گاڑی  تیاری  کے  دوران  پھٹ  گئی،18دہشتگرد ہلاک،3شہری شہید:آئی  ایس پی آر

پہلے دھماکے میں 8دہشتگرد ہلاک،متعدد زخمی ،فورسز کے آپریشن میں 10مارے گئے

اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز)بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے تیار کی جانے والی بارود سے بھری گاڑی تیاری کے دوران پھٹ گئی، 8دہشتگرد ہلاک،3شہری شہید ہوگئے ،فورسز کے آپریشن میں مزید 10 دہشتگرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ صبح بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے ایک گاڑی میں بارودی مواد نصب کیا جارہا تھاکہ وہ پھٹ گیا،قبل از وقت دھماکے سے 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ،دھماکے اور دہشتگردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے میں قریب موجود 3 شہری بھی شہید ہوئے ۔ واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا، کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس میں مزید 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔

اِسی طرح ان واقعات میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے ، علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزمِ استحکام وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی تا کہ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد بلوچستان کے امن و عوام کے دشمن ہیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...