2 خواتین کی ہلاکت :ایچ آر سی پی کا عدالتی ٹربیونل کا مطالبہ
فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں سرکاری بیانات کے تضادات پر سوالات اٹھائے گئے
لاہور(خبر نگار)لاہور کے ٹاؤن شپ تھانے میں دو خواتین آمنہ اور انمول کی پولیس حراست میں ہلاکت کے معاملے پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی)نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری کردی جس میں سرکاری بیانات میں تضادات، پوسٹمارٹم رپورٹس میں مماثلت اور خواتین کی حراست کے دوران لیڈی پولیس اہلکاروں کی مبینہ عدم موجودگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ کمیشن نے واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے آزاد عدالتی ٹربیونل قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایچ آر سی پی کے مطابق پولیس نے آمنہ اور انمول کو 4 اگست کو مبینہ چوری کے الزام میں حراست میں لیا ،پھر چند گھنٹوں بعد دونوں کی ہلاکت ہوگئی۔پولیس نے ابتدائی طور پر موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی جبکہ حتمی پوسٹمارٹم رپورٹس تاحال زیر التوا ہیں۔دوسری طرف اہلخانہ نے جسموں پر زخم کے نشانات کا دعویٰ کیا لیکن سرکاری ریکارڈ میں بیرونی زخم کا ذکر نہیں ۔ایچ آر سی پی نے لاہور ہائیکورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں بااختیار عدالتی ٹربیونل بنانے اورجاں بحق دونوں خواتین کے اہلخانہ کو تحفظ و قانونی معاونت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments