پنجاب :آٹے کا بحران، 15کلو کاتھیلا 2150 روپے تک پہنچ گیا
لاہور میں یومیہ 10 کلو کے ایک لاکھ 10 ہزار تھیلوں کی کمی، 20 کلو بھی نایاب
لاہور (عمران اکبر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں 10 اور 20 کلو آٹے کی سپلائی میں شارٹ فال کے باعث شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ، 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 150 روپے تک فروخت ہونے لگا،دیگر شہروں میں بھی آٹا سپلائی کی صورتحال انتہائی خراب جبکہ محکمہ فوڈ، پیرا اور ضلعی انتظامیہ آٹے اور روٹی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق گندم مہنگی ہونے کے باعث لاہورکی اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سپلائی شدید متاثر ہو چکی،یہاں اس کی یومیہ طلب 2 لاکھ 20 ہزار تھیلے ہے تاہم سپلائی میں ایک لاکھ 10 ہزار تھیلوں کی کمی سامنے آئی ہے اور متعدد چھوٹے بڑے سٹورز پر 10 کلو کا تھیلا دستیاب ہی نہیں اور اس کی قیمت بھی 1 ہزار 125 روپے تک پہنچ چکی جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں20 کلو کا تھیلا بھی کریانہ اور بڑے میگا سٹورز پر نایاب ہو چکاتاہم 15 کلو کا تھیلا 2 ہزار 150 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث لاہور میں سادہ روٹی کی قیمت بھی 20 روپے کے بجائے 25 روپے تک جا پہنچی ہے ۔دوسری طرف لاہور کی اوپن مارکیٹ میں گندم فی من 4 ہزار 650 روپے ، راولپنڈی میں 4 ہزار 750 روپے ، اسلام آباد میں 4 ہزار800روپے جبکہ کراچی اور پشاور میں 5 ہزار روپے میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ادھر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لاہور II فضل عباس شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ تقریباً 1 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم فلور ملز کو جاری کی جا رہی جبکہ 10 کلو آٹے کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ تھیلے مارکیٹ میں سپلائی کیے جا رہے ہیں، نان بائیوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی باقاعدہ سپلائی جا ری ہے ۔ ایک ماہ کے دوران فلور ملز اور آٹا ڈیلرز کے 45 لائسنس معطل کیے گئے ،مجموعی طور پر 60 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں سپلائی باقاعدگی سے جاری ،تمام علاقوں میں وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments