بلوچستان:100کروڑ کی کرپشن، ڈپٹی ڈائریکٹر آبپاشی گرفتار

 بلوچستان:100کروڑ کی کرپشن، ڈپٹی ڈائریکٹر آبپاشی گرفتار

مقدمہ درج سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی نیلامی کی تحقیقات جاری

 کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) اینٹی کرپشن بلوچستان نے محکمہ آبپاشی بلوچستان میں 100 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا مقدمہ درج کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر طلحہ بگٹی کو گرفتار کرلیا ہے ۔ محکمہ آبپاشی بلوچستان میں سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر نیلامی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں ۔محکمہ آبپاشی بلوچستان کی فروری اور اکتوبر 2024 میں ہونے والی دو نیلامیوں میں 70 سے زائد زیرِ استعمال سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کو مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر فروخت کیا گیا تھا ۔ نیلام ہونے والی اشیاء میں لینڈ کروزر، ڈبل کیبن گاڑیاں، ٹرک، ٹینکر، ڈمپر، ڈوزر، ٹریکٹر اور ایکسکیویٹر سمیت دیگر مشینری شامل تھی۔

دستاویزات کے مطابق 2000 ماڈل کی ایک لینڈ کروزر 3 لاکھ 50 ہزار روپے ، بعض ڈبل کیبن گاڑیاں 3 سے 4 لاکھ روپے ، ٹویوٹا ہائی لکس کی بعض گاڑیاں 2 لاکھ 50 ہزار روپے ، پیجیرو جیپیں ایک لاکھ 65 ہزار سے 2 لاکھ روپے ، ڈوزر 5 سے 9 لاکھ روپے اور ٹریکٹر ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے میں نیلام کیے گئے ۔ ایک ایکسکیویٹر 11 لاکھ روپے جبکہ جنریٹرز سمیت ایک ٹرک 10 لاکھ روپے میں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ دستاویزات کے مطابق متعدد گاڑیوں اور مشینری کو ناکارہ قرار دے کر نیلام کیا گیا، جبکہ چیف انجینئر نے زیرِ استعمال گاڑیوں کی نیلامی کی مخالفت کی تھی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے دونوں نیلامیوں کا ریکارڈ حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...