ہائیکورٹ:6ماہ سے اغوا 7سالہ بچی کی 15دن میں بازیابی کا حکم

 ہائیکورٹ:6ماہ سے اغوا 7سالہ بچی کی 15دن میں بازیابی کا حکم

پولیس نے سپورٹ نہیں کیا، آپ میری امید، ہاتھ جوڑتاہوں:والد عدالت میں آبدیدہ

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے چھ ماہ گزرنے کے باوجود تھانہ گولڑہ کی حدود سے اغوا ہونے والی 7 سالہ بچی کو 15 دن میں بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ درخواست پر سماعت کے دوران بچی کا والد محمد عابد روسٹرم پر آکر آبدیدہ ہوگیا اور کہاکہ میری بچی اغوا ہوئے 6 ماہ ہو چکے ، میرا کوئی ساتھ نہیں دے رہا، میری امید آپ ہیں، آپ کے سامنے ہاتھ جوڑتا ہوں۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ عدالت آپ کے ساتھ ہے ہاتھ نہ جوڑیں۔ عابد نے کہاکہ 6 ماہ کا وقت ضائع ہوا ہے ، میرے باقی بچے بھوکے بیٹھے ہیں، پولیس نے مجھے سپورٹ نہیں کیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ پولیس اگلی بار عدالت آئے گی تو بچی ساتھ ہوگی۔ عدالت نے سماعت 15 دن کیلئے ملتوی کر دی۔ ادھر جسٹس ایاز شوکت نے انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے تین نائب صدور کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر یونیورسٹی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔ ریسرچ اینڈ انٹرپرائز ، ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس اور اکیڈمکس کے تین نائب صدور کی تعیناتی کے خلاف شہری جاوید اختر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ایاز شوکت نے وکیل درخواست گزار سے کہاکہ کیا بورڈ آف گورنرز نے اپنا اختیار کمیٹی کو تفویض کیا ہے یا نہیں ؟ یہ دیکھ لیجئے گا۔ عدالت نے دو ہفتے میں اسلامی یونیورسٹی کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر کے سماعت ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...