قومی اسمبلی :اقبال چنڑ کو خراج عقیدت، فاتحہ خوانی ،اجلاس ملتوی

قومی اسمبلی :اقبال چنڑ کو خراج  عقیدت، فاتحہ خوانی ،اجلاس ملتوی

اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر )قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑمرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا گیا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے ملک اقبال چنڑ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز 1985 میں کیا اور وہ ایک انتہائی اچھے انسان تھے ۔ ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔رکن قومی اسمبلی ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے ۔ وہ سرائیکی وسیب کی بھرپور نمائندگی کرتے تھے ۔ ہماری خواہش ہے کہ ان کی وفات کے بعد پارٹی ٹکٹ ان کے صاحبزادے کو ہی دیا جائے ۔ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ کا تعلق جنوبی پنجاب سے تھا اور ہمارے ساتھ ان کے دیرینہ اور اچھے تعلقات تھے ۔ وہ ہمیشہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ۔ وہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات بھی رہے جبکہ آج ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے منصب پر فائز ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ انتہائی اچھی شخصیت کے مالک تھے ۔ ان کی وفات بہاولپور کے لیے ایک بہت بڑا خلا ہے جو شاید آسانی سے پُر نہ ہو سکے ۔مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی ملک اقبال چنڑ کو اچھا انسان قرار دیتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ قبل ازیں سپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ اجلاس کو 28 اگست تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔قومی اسمبلی کے 29ویں اجلاس میں وقفۂ سوالات، قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل مختلف امور زیرِ بحث لائے جائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...