ستمبرمیں104ارکان اسمبلی کیلئے فیملی سوٹس کاافتتاح ہوگا
وزیراعظم رہائشگاہوں کاافتتاح کرینگے ،منصوبے کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی ، ضرورت پڑھنے پر آڈٹ کرایا جاسکتاہے :ذرائع
اسلام آباد (آن لائن )سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی کوششوں سے ارکان پارلیمنٹ کیلئے 104 اضافی فیملی سوٹس کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ،وزیراعظم شہباز شریف ستمبر میں ارکان پارلیمنٹ کی اضافی رہائشگاہوں کا افتتاح کرینگے ۔ذرائع کے مطابق اسوقت 50 ارکان پارلیمنٹ سرکاری رہائشگاہ سے محروم ہیں۔ ارکان کیلئے اضافی رہائشگاہوں کا منصوبہ 2010 میں شروع کیا گیا تھا تاہم تعمیر میں مسلسل تاخیرپراسکی لاگت 3 ارب سے بڑھ کر 8 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ سپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم سے منصوبے کیلئے خصوصی فنڈز منظور کروائے ،سی ڈی اے منصوبے پر کام کررہاہے ۔ سپیکر نے منصوبہ ہر صورت ستمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے دو سینیٹرز نے منصوبے کی تکمیل کے قریب فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال ناصر اور سینیٹر ناصر بٹ شبر زیدی کی فرم سے منصوبے کا فرانزک آڈٹ کرانے کے خواہاں ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی سینیٹرز کے اس مطالبے پر حیران ہیں۔ قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی ، ضرورت محسوس ہوئی تو فرانزک آڈٹ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی کرایا جاسکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق ساتھی ارکان پارلیمنٹ کیلئے رہائشگاہوں کے منصوبہ کی مخالفت حیران کن ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments