متفقہ حکمت عملی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا آج پہلا مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس
قومی اسمبلی ، سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر متفقہ حکمتِ عملی پر غور کیا جائیگا ایجنڈے کے اہم نکات میں حکومت کی یکطرفہ قانون سازی کا راستہ روکنا، اپوزیشن حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ محاذ قائم کرنا شامل
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں کا پہلا اور اہم ترین مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 6 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا،متحدہ اپوزیشن کے باقاعدہ قیام کے بڑے اعلان کا قوی امکان ہے ۔ اطلاعات کے مطابق اس اہم اجلاس کی میزبانی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کرینگے جبکہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، جے یوآئی (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،تحریکِ انصاف سمیت سنی اتحاد کونسل کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ شرکت کرینگے ، پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین بیرسٹر گوہر ، سابق سپیکر اسد قیصر اور دیگر سینئر ارکانِ پارلیمنٹ کی شرکت متوقع ہے ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر یکساں مؤقف کیلئے متفقہ حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔ ایجنڈے کے اہم نکات میں پارلیمنٹ کے اندر حکومت کی یکطرفہ قانون سازی کا راستہ روکنا، الیکشن کمیشن میں نئی تعیناتیوں پر اپوزیشن کا متفقہ اور مشترکہ نام سامنے لانا، پارلیمانی امور اور اپوزیشن کے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ محاذ قائم کرنا شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments