یمن میں حالات انتہائی ابتر، امریکا باہر بیٹھ کر صورتحال دیکھ رہا:یمنی سفیر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں یمن کے سفیر مطاہر الاشعبی نے کہا کہ یمن میں حالات انتہائی ابتر ہیں، باب المندب تیل کی بین الاقوامی گزرگاہ ہے جو بلاک ہو رہی ہے ،امریکا صرف باہر بیٹھ کر صورتحال دیکھ رہا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یمنی سفیر نے کہا کہ یمن اور پاکستان کے انتہائی مثبت تعلقات ہیں، 500 کے قریبی یمنی طلبہ پاکستان میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا حوثیوں کا اپنا ایجنڈا ہے ، حوثی طاقت حاصل کر کے دیگر یمنیوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانا چاہتے ہیں۔ یمنی حکومت مستقل امن چاہتی ہے ، حوثی مذاکرات سے انکاری ہیں، حوثیوں نے موجودہ صورتحال میں تناؤ میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک اہم ملک ہے وہ بہت کچھ کر سکتا ہے اور کر بھی رہا ہے ، نجران، جازان اور دیگر چند جنوبی علاقوں پر سعودی عرب سے بین الاقوامی معاہدہ ہوا تھا، معاملات کو مذاکرات اور بین الاقوامی معاہدے کے تحت حل کر لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب یمن کا سب سے اہم اور بڑا شراکت دار ہے ، یمنی حکومت ملک میں اپنی موجودگی بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہماری حکومت حوثیوں کے خلاف دیگر گروہوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments