اراضی انتقال تنازع:اینٹی کرپشن انکوائری کیخلاف ہائیکورٹ کا حکم امتناعی

 اراضی انتقال تنازع:اینٹی کرپشن انکوائری کیخلاف ہائیکورٹ کا حکم امتناعی

2 شہریوں کیخلاف تادیبی کارروائی سے روکدیا، محکمہ اینٹی کرپشن سے تفصیلی جواب طلب ایک وفاقی وزیر پر ملی بھگت سے درخواست گزاروں کی اراضی پر قبضہ کرنے کاالزام لگایاگیا

 لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد ابن عزیز نے اراضی انتقالات کے تنازعات میں محکمہ اینٹی کرپشن کی مداخلت کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناعی جاری کر دیا۔ عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو آئندہ سماعت سے قبل تفصیلی جواب جمع کرانے اور دو شہریوں کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔درخواست گزاروں کے وکیل  میاں داؤد نے مو قف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں نے 2013 میں فاروق آباد میں مالکان سے اراضی خریدی اور لین دین و قبضے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ۔ قبضہ مافیا کے ارکان نے درخواست گزاروں کی اراضی سے ملحقہ کچھ زمین خریدنے کے بعد ان کی اراضی پر قبضہ کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی رجسٹری تیار کروائی۔ درخواست گزاروں نے جعلی رجسٹری کا علم ہونے پر اسے سول عدالت میں چیلنج کر دیا۔وکیل نے مو قف اختیار کیا کہ قبضہ مافیا نے مسلم لیگ ن کے مقامی رکن قومی اسمبلی کی سفارش پر محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دلوائی، جس کے بعد اینٹی کرپشن حکام گزشتہ ایک برس سے دیوانی نوعیت کے تنازع کی انکوائری کر رہے ہیں۔ انکوائری کے دوران محکمہ مال نے تمام رپورٹس درخواست گزاروں کے حق میں جمع کرائیں، تاہم ان رپورٹس کے باوجود اینٹی کرپشن حکام مبینہ طور پر مقدمہ درج کرنے کی دھمکیاں دے کر اراضی کا قبضہ دلوانا چاہتے ہیں۔درخواست گزارنے الزام لگایا ہے کہ وفاقی وزیر رانا تنویرمحکمہ اینٹی کرپشن اور قبضہ مافیا مبینہ طور پر مل کراراضی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کو اراضی انتقالات کے دیوانی تنازعات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ پہلے ہی محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے اراضی انتقالات کے تنازعات میں مداخلت کے اختیار کو کالعدم قرار دے چکی ہے ۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ اراضی انتقالات کے تنازع میں اینٹی کرپشن کی انکوائری کو ماورائے اختیار قرار دے کر کالعدم کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...