ملکی آئی ٹی برآمدات 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں
کراچی (کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی برآمدات میں مثبت رجحان برقرار ہے ، تاہم ماہانہ بنیاد پر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
رواں سال اگست 2026 کے دوران آئی ٹی برآمدات 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال اسی ماہ آئی ٹی برآمدات کا حجم 33 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں آئی ٹی برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھیں، جس کے مقابلے میں اگست کے دوران 6 فیصد ماہانہ کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی طلب، بیرونی منڈیوں میں کاروباری سرگرمیوں اور ادائیگیوں کے شیڈول میں تبدیلی کے باعث ماہانہ اعدادوشمار میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے ، تاہم مجموعی رجحان اب بھی مثبت ہے ۔ حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئی ٹی کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بیرون ملک دفاتر کے قیام کی اجازت اور برآمدی مراعات کو اس شعبے کی ترقی کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے ۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی شعبہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے اور اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات مزید ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور حکومت کی پالیسیوں کا مقصد بھی خدمات کے شعبے خصوصاً آئی ٹی ایکسپورٹس کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments