پاکستان ایکسٹرا وریجن زیتون تیل و عالمی صحت اتحاد میں شامل
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان نے لزبن منشور ‘‘ایکسٹرا وریجن زیتون کے تیل و عالمی صحت کے لیے حمایت کرنے والے بین الاقوامی اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی ۔
یہ منشور اولیو آئل ورلڈ کانگریس 2026 کے بعد جاری کیا گیا جو زیتون کے تیل، غذائیت اور عوامی صحت سے متعلق عالمی تحقیق اور پالیسی اقدامات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ایکسٹرا وریجن زیتون کے تیل کی غذائی اہمیت کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی پاکستان کے لیے اپنے زیتون کے شعبے کو جدید تحقیق، بہتر پیداواری طریقوں، معیاری نظام اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے مزید ترقی دینے کا ایک اہم موقع ہے ۔ دریں اثنا رانا تنویر حسین نے قومی زرعی تحقیق مرکز میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے باہمی تعاون سے مصدقہ آلو کے بیج کی پیداوار کے منصوبے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور جنوبی کوریا کا تعاون زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے اہم ثابت ہو رہا ہے ، پاکستان نے سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار ٹن مصدقہ آلو کے بیج کی پیداوار کا ہدف مقرر کیا ہے جس سے ملک کی بیج کی ضرورت کا ایک اہم حصہ مقامی طور پر پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے زراعت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے دیرینہ تعاون کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments