پیپس بھرتی معاملہ، ہائیکورٹ کا ریکارڈ کیلئے دوبارہ نوٹس
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹیری سروسز میں بھرتی کے نتائج میں مبینہ ردوبدل کے خلاف کیس میں عدالتی حکم کے باوجود بھرتیوں کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی اسامی کے امیدوار احمد مجتبیٰ کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالتی حکم کے باوجود ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے کہا یہ بچہ اپنے حق کیلئے کھڑا ہے ، یہ کیس یہاں لایا اچھی بات ہے ، آپ نے کبھی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین کا ریکارڈ چیک کیا، کبھی چیک کریں ملازمین رکھے کتنے اور جگہ کتنے کی ہے ۔ جسٹس ارباب نے کہا شہزاد شوکت صاحب نہیں ہیں انہوں نے التوا کی درخواست کی ہے ۔ عدالت نے سماعت5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار نے چار نومبر 2025 کے تبدیل شدہ نتائج کا عمل فوری معطل کرنے ، جواب دہندہ نمبر 5 کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر PDP تقرری، تنخواہ اور فرائض کی انجام دہی معطل کرنے اور بھرتی کا ریکارڈ محفوظ رکھنے اور تبدیلی یا حذف کرنے سے روکنے کی استدعا کررکھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments