جیکب آباد:پسند کی شادی کرنے والا جوڑا کارو کاری قرار
جرگے نے نکاح منسوخ، لڑکی ورثا کے حوالے ، شوہر پر70 لاکھ جرمانہ عائد کردیا بااثر وڈیرے کی سربراہی میں دھرپالی، بروہی برادری میں تنازع پر جرگہ ،ذرائع
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو جرگے نے کارو کاری قرار دیدیا، نکاح منسوخ کر کے لڑکی ورثا کے حوالے ، 70 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جیکب آباد میں 2 سال قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو جرگے کے فیصلے کے تحت نکاح منسوخ کرتے ہوئے علیحدہ جبکہ خاتون کے شوہر پر 70لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا، جبکہ مقتول استاد کے قتل کا 25لاکھ روپے جرمانہ مقرر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صدر تھانے کی حدود بائی پاس پر بااثر وڈیرے کی سربراہی میں پسند کی شادی کے معاملے پر دھرپالی اور بروہی برادری کے فریقین کے درمیان جاری تنازع کا جرگہ ہوا، جس میں پسند کی شادی کرنے والے شہباز خان دھرپالی اور صبا گل بروہی کو کارو کاری قرار دیدیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جرگے میں صبا گل بروہی کا نکاح ختم کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے اسے ورثا کے حوالے کرنے اور شہباز خان دھرپالی پر 70 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ جاری کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے میں تنازع کے دوران قتل ہونے والے استاد نثار دھرپالی کے قتل کا بروہی برادری پر 25 لاکھ روپے جرمانہ مقرر کیا گیا جسے دونوں فریقین کی جانب سے قبول کیے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہباز خان دھرپالی نے 20 دسمبر 2024 کو صبا گل سے ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی۔ بعد ازاں 31 جولائی 2025 کو شہباز دھرپالی کے بھائی پرائمری استاد نثار دھرپالی کو دکان میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں 6 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جرگے سے دو ہفتے قبل ہی صبا گل کو اس کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا تھا جبکہ ایک روز قبل ہونے والے جرگے میں جوڑے کے نکاح کے خاتمے اور دیگر فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments