اسلام آباد کی حدود میں سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری و رہائی
مقصد اشتیاق ستی کے جنازے میں شرکت سے روکناتھا:پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل
اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو اسلام آباد کے تھانہ نیلور کی حدود میں گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد رہا کردیا گیا۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کو تھانہ نیلور کی حدود میں گرفتار کیا گیا،وہ مرحوم اشتیاق ستی کے جنازے میں شرکت کیلئے کوٹلی ستیاں گئے تھے ، بعدازاں اپنے ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم کو رہا کردیا گیا ۔
دریں اثنا سلمان اکرم نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ پولیس کی جانب سے مسلسل 4 گھنٹے تک مجھے لطاسب ستی ، اخلاق ستی اور دیگر متعدد ساتھیوں سمیت حبس بے جا میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا ،اس اقدام کا مقصد صرف اشتیاق ستی مرحوم کے جنازے میں شرکت سے روکنا تھا، عوام کا خوف فیصلہ سازوں سے عقل و فہم چھین چکا ہے ، انسانی حقوق بے معنی ہو چکے ۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مجھے شوکت بصریٰ نے بتایا کہ پولیس نے سلمان اکرم راجہ کو 4 گھنٹے حراست میں رکھا ،اس اقدام کی مذمت کرتا ہوں، گزشتہ چند دنوں سے 700 ورکرز کو گرفتار کیا جا چکا جبکہ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاچکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments