پولیس نے ادویات کے کنٹینرز بھی پکڑ لیے ، وزیرداخلہ کانوٹس
محسن نقوی کی ادویات والے کنٹینرز اور گاڑیوں کو فوری ریلیز کرنے کی ہدایت کنٹینرز فوری ریلیز نہ کیے تو ٹرانسپورٹر سخت لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ، ملک شہزاد
اسلام آباد (عادل تنولی)تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے دوران ادویات سے بھرے کنٹینرز بھی پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ادویات کے کنٹینرز اور گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔کراچی سے راولپنڈی اور اسلام آباد آنے والے کنٹینرز میں مختلف بیماریوں کے علاج کی اہم ادویات، انسولین سمیت دیگر میڈیسن موجود ہیں۔
کنٹینرز روکے جانے کے باعث جڑواں شہروں کے ہسپتالوں اور میڈیکل سٹورز پر ادویات کی ممکنہ قلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ کنٹینرز مالکان کے مطابق وفاقی پولیس نے چابیاں اور کاغذات بھی تحویل میں لے لیے جبکہ گاڑیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود ہیں اور گرمی کے باعث ان کے خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کرکے ادویات سے متعلق تحویل میں لیے گئے کنٹینرز فوری ریلیز کرنے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ میڈیسن کے کنٹینرز اور گاڑیوں کو کسی صورت نہ روکا جائے ۔
علاوہ ازیں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس نے تقریباً 700 گاڑیاں اور کنٹینرز جبری طور پر پکڑ لیے ہیں۔ ان میں لاکھوں اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان موجود ہے جس میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت مختلف صنعتوں کا سامان شامل ہے ۔ انہوں نے پنجاب اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پکڑے گئے کنٹینرز فوری ریلیز کیے جائیں، بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز آئندہ کا سخت لائحہ عمل اعلان کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments