چین سے ملنے والے 10 ماڈیولر سٹیل پل برہان منتقل کرنیکا فیصلہ
پلوں کی منتقلی پر 32کروڑ 10لاکھ لاگت آئیگی ،ٹھیکہ این ایل سی ذیلی کمپنی کو دیا جائیگا این ایچ اے نے کنٹینرز خریداری کی منظوری دیدی ، پل مختلف زونز میں تقسیم ہونگے
اسلام آباد (ایس ایم زمان) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے چین کی جانب سے امداد میں فراہم کئے جانے والے 10ماڈیولر سٹیل پلوں کو کراچی بندرگاہ سے این ایچ اے کمپاؤنڈ برہان (ایم ون) منتقل کرنے کے لئے 110کنٹینرز خریداری کی منظوری دے دی ، اس مقصد کیلئے بندرگاہ سے کسٹمز کلیئرنس اور پلوں کی نقل و حمل کے انتظامات بھی کئے جائیں گے ، جن پر مجموعی طور پر 32کروڑ 10لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔این ایچ اے کے فیصلے کے مطابق 40فٹ ہائی کیوب (40-HC) نوعیت کے 110 کنٹینرز حاصل کئے جائیں گے ، جبکہ لاجسٹکس آپریٹر کی خدمات کے ذریعے 10 ماڈیولر سٹیل پل کراچی پورٹ سے برہان تک منتقل کئے جائیں گے۔
یہ کام نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کی ذیلی کمپنی این ایل سی ڈی پی ورلڈ روڈ فریٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کو مذاکرات کے ذریعے ٹینڈرنگ کے تحت سونپا جائے گا ، اس سلسلے میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے رول 42 (d-iii) کا حوالہ دیا گیا ہے ،این ایچ اے کے مطابق اخراجات سالانہ مرمتی پروگرام 2025-26 کے تحت پلوں، کلورٹس اور ساختی مرمت کے لئے مختص کیٹیگری سے پورے کئے جائیں گے ۔اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ چین سے موصول ہونے والے 10 ماڈیولر اسٹیل پل ضرورت کے مطابق این ایچ اے کے مختلف زونز میں تقسیم کئے جائیں ، متعلقہ زونل دفاتر پلوں کو محفوظ تحویل میں رکھیں گے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں انہیں قریبی مقامات پر فوری طور پر استعمال کیا جا سکے ۔اس سلسلے میں ضروری کارروائی این ایچ اے کے رکن انجینئرنگ کوآرڈی نیشن کی جانب سے عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments