صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کا تقاضا ،علیم خان
موجودہ صوبائی نظام عوام کو مطلوبہ سطح پر خدمات کی فراہمی میں ناکام رہا ،وفاقی وزیر وزیر مواصلات سے سردار یوسف کی ملاقات، ہزارہ صوبے کی حمایت پرشکریہ ادا کیا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی جس میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سردار محمد یوسف نے ہزارہ صوبے کی تشکیل کے حوالے سے حمایت پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا ۔ علیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ صوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ ان کی بہتر تنظیم کا ہے ، چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کا تقاضا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی نظام عوام کو مطلوبہ سطح پر خدمات کی فراہمی میں ناکام رہا ہے ، دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ہم کئی دہائیوں پرانے انتظامی ڈھانچے سے چمٹے ہوئے ہیں اس لیے وقت کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور بہتر انتظامی نظام پر سنجیدگی سے غور ضروری ہے ۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر صحت مندانہ اور سنجیدہ گفتگو میں کوئی حرج نہیں، تمام سیاسی قوتوں کو اس اہم قومی مسئلے پر بات چیت کے ذریعے آگے بڑھنا اور کسی قسم کے ڈیڈ لاک سے بچنا ہوگا۔ ملاقات میں وفاقی وزراء نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے حوالے سے جاری مثبت بحث مستقبل میں کسی قابلِ عمل اور مثبت پیش رفت کا باعث بنے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments