قائمہ کمیٹی کا BISPکی کارکردگی پر عدم اطمینان، تشہیری ریکارڈ طلب
16سال میں عوام کو پروگرام کی کامیابیوں سے مؤثر طور پر آگاہ نہ کرنے پر تنقید بریفنگ مواد تاخیر سے فراہم کئے جانے پر کمیٹی برہم ، سیکرٹری کو سخت ہدایت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی اور عوامی آگاہی کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نجی بینکوں کے ایجنٹوں کی جانب سے پیش آنے والے مسائل پر ادارے کے مؤقف کو مؤثر انداز میں عوام تک نہ پہنچانے پر سوالات اٹھا د ئیے ، کمیٹی نے وزارت کو آئندہ اجلاسوں کے لئے بریفنگ مواد بروقت فراہم کرنے اور گزشتہ دو سال کی تشہیری مہم کے اخراجات کی مکمل تفصیلات ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ،قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین میر غلام علی تالپور کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
اجلاس کے آغاز پر وزارت غربت میں کمی و سماجی تحفظ کی جانب سے بریفنگ کا مواد تاخیر سے فراہم کئے جانے پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری وزارت کو ہدایت کی کہ آئندہ اس نوعیت کی غفلت کا اعادہ نہ ہو۔اجلاس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن نے کمیٹی کو بتایا کہ ادارہ ایک بین الاقوامی فلاحی ادارے کے تعاون سے عوام کو آگاہ کر رہا ہے کہ پارٹنر بینکوں کے ادائیگی مراکز کے ایجنٹوں کی سرگرمیوں میں بی آئی ایس پی کا براہ راست کردار نہیں، بلکہ یہ متعلقہ بینکوں کی معاہدہ جاتی ذمہ داریاں ہیں کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ 16 برس گزرنے کے باوجود بی آئی ایس پی عوام کو اپنی کامیابیوں اور ذمہ داریوں سے مؤثر طور پر آگاہ نہیں کر سکا، کمیٹی نے 90 لاکھ ڈیجیٹل والیٹس کھولنے اور مستحقین میں مفت سمیں تقسیم کرنے کے اقدام کو سراہا ، کمیٹی نے ایجنڈے کے باقی نکات پر بحث آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments