ایم ڈی کیٹ امتحان آج، ایک لاکھ 38 ہزار امیدوار، انتظامات مکمل
ملک بھر میں 34، ریاض میں ایک سینٹرقائم،پرچہ10بجے شروع، 7بجے پہنچنے کی ہدایت
اسلام آباد (فوزیہ علی،ایس ایم زمان ) میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان آج اتوار کو ہو گا۔ ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ پاکستان کے 34 شہروں اورسعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے دارالحکومت ریاض میں ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے ۔ پیپر صبح 10 بجے شروع ہو گا جبکہ امیدواروں کو صبح 7 بجے امتحانی مراکز پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ امیدواروں کو امتحان کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔پنجاب سے 49 ہزار 199، خیبر پختونخوا سے 38 ہزار 841، سندھ سے 34 ہزار 233 اور بلوچستان سے 9 ہزار 923 امیدواروں کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔
آزاد کشمیر سے 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان سے ایک ہزار 721 امیدواروں نے اندراج کیا ہے ۔ اسلام آباد میں ایک ہزار 245 جبکہ ریاض میں 237 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے ۔پی ایم ڈی سی نے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالاتی بینک تیار کرلیا ہے ۔ تین گھنٹے دورانیے کے اس ایم سی کیوز ٹیسٹ کے کل 180 نمبر ہوں گے ۔ پرچے میں بائیالوجی، کیمسٹری، فزکس، انگریزی اور آئی کیو سے متعلق سوالات شامل ہوں گے ۔ پیپر لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک میں امتحان منسوخ ہونے کے خدشے سے بچنے کے لیے ہر صوبے کو دو الگ پرچے فراہم کیے گئے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے کم از کم پاسنگ مارکس 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجز کے لیے 50 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔
امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ اپنا پرچہ حل کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ امتحان کے بعد ‘آنسر کی’ بھی اپ لوڈ کی جائے گی۔ امتحانی مراکز کے اندر اور باہر دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ ڈرون اور کیمروں سے مراکز کی نگرانی کی جائے گی۔امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری مختلف صوبوں میں متعلقہ میڈیکل جامعات کو سونپی گئی ہے ۔ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے ، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے سپرد کی گئی ہے ۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو دی گئی ہے ۔
بلوچستان کے ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں اضافی ایم ڈی کیٹ امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے ، جہاں وہ امتحان دے سکیں گے ۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے علیحدہ پورٹل قائم کیا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ کے مسائل کے پیش نظر انہیں امتحان کی ہارڈ کاپی فراہم کی جائے گی۔ آزاد کشمیر کے امیدواروں کے لیے اسلام آباد میں خصوصی امتحانی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ایم ڈی کیٹ داخلہ ٹیسٹ کے لئے طلبہ ایک ارب 24 کروڑ 20 لاکھ روپے فیس ادا کر چکے ہیں ،میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے لیے ٹیسٹ منعقد کرنے والی یونیورسٹیاں ایک ارب تین کروڑ 50 لاکھ روپے وصول کریں گی ۔
میڈیکل پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایم ڈی کیٹ امتحان فیس کی مد میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کرے گی، پی ایم ڈی سی نے رجسٹریشن فیس فی امیدوار نو ہزار روپے مقرر کی تھی پی ایم ڈی سی ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد کرنے والی یونیورسٹیوں کو 7500 روپے فی امیدوار چارجز ادا کرے گی ۔پی ایم ڈی سی فی امیدوار 1500 روپے خود وصول کرے گی ۔ایم ڈی کیٹ امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے لیے نجی و سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں 22 ہزار نشستیں موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments