نئے صوبوں سے قتل و غارت ہونی ہوتی تو ہو چکی ہوتی،مصطفی کمال
نئے صوبوں کے کچھ مخالفین پاکستان کو نہیں مانتے ، باقی اپنے مفاد میں مخالفت کر رہے صوبوں کی تقسیم کی بات ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے آئین میں لکھی ہے ، پریس کانفرنس
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے کچھ مخالفین پاکستان کو نہیں مانتے اور باقی اپنے مفاد میں مخالفت کررہے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کا قبلہ ایک ہے ، حرمین شریفین میں اس وقت جو جنگ چل رہی ہے ایم کیو ایم پاکستان اس کی مذمت کرتی ہے ، ہم اپنی حکومت اور فوج کے ساتھ ہیں، رہنمائی ملتے ہی اس پر عمل کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ایک مسلمان ہونے کے ناتے یہ ہمارے جذبات ہیں ، ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا ہمارے سندھی بھائیوں کے دماغ میں بغض ڈالا جارہا ہے اور یہ بات ذہن میں بٹھائی جارہی ہے کہ نئے صوبے بننے سے قتل و غارت ہوگی، عوام کو سمجھانا چاہتا ہوں ایسا کچھ نہیں ہوگا، اس شہر (کراچی) کا جو حال کردیا گیا ہے وہ بھی عوام کے لیے اذیت سے کم نہیں۔انہوں نے کہا سندھ کے تمام لوگ ان کے بھائی بہن ہیں ، سندھ کی صورتحال کراچی سے بھی زیادہ خراب ہے ، یہاں تک کہ پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں، اندرون سندھ رہنے والے سب سے معصوم لوگ ہیں، سندھ کی کتنی مائیں اور بہنیں سڑکوں پر بیٹھی ہیں، ان کے بچوں کو اغوا کیا گیا ہے ، یہ اندرون سندھ کے ساتھ ظلم ہے ، صوبوں کی تقسیم کی بات ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے آئین میں لکھی ہے۔
انہوں نے کہا یہ ملک ریاست سے بددل لوگ پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے ، 70 سال سے عوام کو فوج سے لڑایا جارہا ہے ، یہ مسئلہ اب سر اٹھا کر بولنے لگا ہے ، آج ہمارے فیلڈ مارشل کو پوری دنیا میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے ، فیلڈ مارشل پوری دنیا میں مذاکرات کررہے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا ہم سندھ کے کسانوں کو آزاد کرانے جارہے ہیں ،نئے صوبے تمام مظلوموں کو آزاد کرائیں گے ، نئے صوبے سندھیوں کو مزید عروج پر لے جائیں گے ، اس کو لیڈ کرنے والا ہمارا لیڈر ہوگا، وہ لیڈر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہوں گے ۔ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کمرے ایسے ہیں جیسے دیواریں ڈالر سے بنی ہوں، بڑے بزدل ہوتے ہیں وہ لوگ جو موت سے بے خوف ہوتے ہیں، ان لوگوں کے لیے حرام ہی سب کچھ ہوتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments