موسلا دھار بارش ،پاکپتن میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق
70 سالہ علی اور 58 سالہ محمد اسلم موقع پر دم توڑ گئے ، 3افراد زخمی بھی ہوئے ساہیوال میں سینکڑوں درخت کھمبوں پر جا گرے ، بجلی کی سپلائی 16گھنٹے معطل
لاہور ،پاکپتن،ساہیوال(دنیا نیوز،نمائندگان دنیا ، نیوز ایجنسیاں)ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش،پاکپتن میں چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 2افراد جاں بحق، 3زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات پر جبکہ کشمیر اور بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک ساتھ موسلا دھاربارش ریکارڈ کی گئی ، پنجاب میں سب سے زیادہ بارش منڈی بہاؤالدین میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ بھکر 34 ، چکوال 26 ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 19، سیالکوٹ میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔تاہم لاہور میں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، ایم اے او کالج، چوبرجی، فیروز پور روڈ، گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ادھر پاکپتن میں ساہیوال روڈ پر چک نمبر 58 ایس پی میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گر گئی جس سے 70 سالہ علی اور 58 سالہ محمد اسلم موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
اسی طرح محلہ عیدگاہ میں ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 50 سالہ یاسمین بی بی اور ان کا 52 سالہ شوہر حبیب احمد زخمی ہوگئے ،ہوتہ روڈ پر کرما نوالا چوک کے قریب مکان کی چھت گرنے سے 75 سالہ رب نواز زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھرفیصل آباد کی تحصیل کمالیہ میں مل موڑ کے قریب طوفانی بارش کے باعث سڑک پر گرے درخت سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوار 26 سالہ عاقب اور 35 سالہ اکرم زخمی ہو گئے ۔ ساہیوال میں طوفانی آندھی کے بعد چار گھنٹے تک مسلسل موسلا دھار بارش کے دوران سینکڑوں درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر جا گر ے جس سے متاثرہ علاقو ں میں بجلی کی سپلائی 10 سے 16گھنٹے تک معطل رہی ۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیاہے جبکہ اس دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments