پی ٹی آئی ہے نہ ہو گی، جمہوریت چلانے کیلئے بچہ جمہورا لانا پڑیگا: فیصل واوڈا

 پی ٹی آئی ہے نہ ہو گی، جمہوریت چلانے کیلئے بچہ جمہورا لانا پڑیگا: فیصل واوڈا

پارٹ ون آیا ہے پھر ٹو اور تھری بھی آ ئیگا، گورنر کنڈی کو کہتا ہوں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں ورنہ دوسرے آجا ئینگے ،پریس کانفرنس جمہوریت کو ری بوٹ کرنا ہوگا، مطلب نظام کی تبدیلی: ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو ،حکومت نے آئین شکنی کی ،علی ظفر

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،دنیا نیوز )سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا شو ختم ہوگیا،یہ پارٹی اب کہیں نہیں ہے ، اور نہ ہی ہوگی، پی ٹی آئی کے دوستوں کو کہوں گا کہ ملک کی خدمت کیلئے دوسری جماعت میں شامل ہوجائیں،پختونخوا کے ذریعے سسٹم کو ری  بوٹ یاسٹارٹ ہوتے دیکھ رہا ہوں، جمہوریت کو چلانے کے لیے بچہ جمہورا لانا پڑے گا ، اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ صوبے کے عوام کے مفاد میں ہے ، قومی ترانے اور پرچم کی بے حرمتی کرنے والوں کو عوام عبرت کا نشان بنائیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ جو آج آپ دیکھ رہے ہیں، میں یہ سب باتیں ایک سال پہلے بتا چکا ہوں، جو پاکستان کا جھنڈا نہیں اٹھائیں گے ، ان کی نسلیں تباہ کر دیں گے ، ہر صورت میں پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص ذہنیت کے حامل لوگوں کی 13 سال حکومت رہی، 13 سال میں تباہی ہی تباہی ہوئی، دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں اور آپ من مانیاں کرتے پھریں۔ گورنر فیصل کنڈی کو واضح کہتا ہوں اب ناکامی کا کوئی اور آپشن نہیں، یہ ناکام ہوئے تو دوسرے آئیں گے ، جو شہید کے خلاف بات کرے گا، اب ہم اس کی بھی زبان کھینچ لیں گے ، زبانیں کھینچ کر جوتوں کے سول بنائیں گے ، انہوں نے پوچھا کہ کس نے کہا کہ لیڈر نہیں تو پاکستان نہیں، پاکستان ہمیشہ رہے گا، کوئی کسی کا نعرہ لگا دے اور اس کے پیچھے چل پڑیں، ایسا اب نہیں ہوگا۔

قائدِ اعظم کے پاکستان کا حشر نشر کر دیا گیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ 60 دن کے اندر نتائج نظر آنا شروع ہو جائیں گے ،خیبر پختونخوا کے عوام کو 180 دن میں ریلیف ملے گا، ریلیف عبدالغفور دے یاعبدالقدوس عوام خوش ہوں گے ، پی ٹی آئی کے دوستوں سے کہتا ہوں، پارٹی ختم، شو ختم ہو گیا، پارٹ ون آ گیا ہے ، پارٹ ٹو، تھری اور فور بھی ہے ، فائیو بھی آ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت ساری چیزیں ہیں جو مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کو بتائی اور دکھائی جائیں گی، پاکستان کی ترقی میں صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ ہوں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی نے سیاست سکھائی، میں اس دلدل اور کھائی سے ان کو بچانا چاہتا تھا،ان کی کابینہ میں اچھے لوگ بھی تھے ،انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ کے 8 لوگ میرے پاس تھے ، جو رہ جائیں گے ، وہ رہ جائیں گے باقی بہہ جائیں گے ۔دریں اثنا پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اپنی پریس کانفرنس میں کہے گئے ایک ایک لفظ پر قائم ہیں، پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے ، جبکہ کوئی صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ غریبوں کے بچے گٹروں میں گر کر جانیں گنوا رہے ہیں، لیکن ملک میں جمہوریت کے ثمرات پر سوال اٹھتے ہیں، گندی جمہوریت کی وجہ سے پاکستان میں مسائل پیدا ہوئے ہیں، تاہم اچھی جمہوریت بھی ممکن ہے ، جمہوریت کا نظام چلتا رہے گا، لیکن اس میں تبدیلیاں لانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو ری بوٹ کرنے کا مطلب پورے نظام کو تبدیل کرنا ہے ، نئی ٹیم کو 180 دن میں اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی،فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی بات انہوں نے دس ماہ قبل کی تھی اور ممکن ہے کہ ان کی یہ بات بھی درست ثابت ہوجائے ،انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں موجود سہیل آفریدی کی نااہلی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے ، انہوں نے تحریک انصاف کے احتجاج میں شریک افراد کی تعداد 600 بتاتے ہوئے پارٹی کی احتجاجی حکمت عملی پر بھی سوال اٹھایا۔تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کو جواز بنا کر منتخب حکومت کو ہٹایا، ایمرجنسی کے نفاذ کا منصوبہ طویل ہے ، حکومت نے آئین شکنی کی ہے ،حکومتی اقدامات کا اصل مقصد سیاسی حریف کو اقتدار سے ہٹانا تھا ، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ گورنر راج نافذ کرکے وزیراعلیٰ کو گرفتار کرلیا جائے جبکہ وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنا غیرآئینی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی گئی ہے ، پشاور ہائی کورٹ اور آئینی عدالت کو اس معاملے کا جائزہ لینا ہے ، حکومت کے لیے من مانی کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا ،اُنہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اس صورت حال میں پیچھے نہیں ہٹے گی، اگر ایک فرد کو گرفتار کیا جائے گا تو دوسرے بھی سامنے آسکتے ہیں، ان کی جماعت اتنی جلدی ہار نہیں مانے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...