پاکستان کی 5.6 ارب ڈالر معاونت ترقیاتی منصبوبوں میں بدلنے کی درخواست
احد چیمہ کی چیئرمین اسلامی ترقیاتی بینک ،عالمی بینک کی ایم ڈی سے ملاقات، ایم ایل ون، ایم 6 موٹروے کیلئے معاونت کو سراہا وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات، معاشی اہداف پر عملدرآمد کی یقین دہانی، اے ڈی بی سے ایم ایل ون پر تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (مدثر علی رانا) پاکستان نے اسلامی ترقیاتی بینک سے 5.6 ارب ڈالر کی اشاریاتی مالی معاونت کو ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے 2026 کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے بینکاک میں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے درمیان 5.6 ارب ڈالر کے ترقیاتی تعاون کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے درخواست کی کہ اشاریاتی مالی معاونت کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے۔
احد چیمہ نے ایم ایل ون ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سکھر سے حیدرآباد ایم 6 موٹروے کے لیے بینک کی 475 ملین ڈالر کی معاونت کو سراہا، دوسری جانب معتبر ذرائع کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے پاکستان کے معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں معاشی صورتحال، اہداف پر عمل درآمد اور ترقی کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو معاشی اہداف پر عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت بجٹ میں مختص محصولات کے اہداف اور آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرے گی۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ترقیاتی شراکت داری مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا جس میں ایم ایل ون منصوبہ سرفہرست رہا۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور بینک کی کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی 2026-2030 کے تحت تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ بینک کے صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کا اعادہ کیا اور ایم ایل ون منصوبے کے لیے بینک کے ادارہ جاتی مراحل تیز کرنے میں مدد دینے کے عزم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز انا بیئرڈے سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2026-2035 پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت، سیاحت اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments