پاکستان جی 24 گروپ کا سربراہ بن گیا، یہ اہم سنگ میل :صدر ، وزیراعظم

پاکستان  جی 24 گروپ کا سربراہ بن گیا، یہ اہم سنگ میل :صدر ، وزیراعظم

عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی اورمنصفانہ نظام کیلئے آواز بلندکی جائے گی :چیئرمین اورنگزیب جی 24 کے پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مفادات کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائیگا:زرداری،شہبازشریف کی مبارکباد

  اسلام آباد(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی آوازمو ثر بنانے کیلئے جی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین بن گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور متعلقہ ٹیم نے مبارکباد پیش کی ہے ۔اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی اورمنصفانہ مالیاتی نظام کے لیے آواز بلندکرے گا، عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے ، معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار اورعوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔ وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زوردیا، ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت فراہم کی جائے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیرممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے ، پاکستان ترقی پذیرممالک کی اجتماعی آواز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24)کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی جی 24 کی صدارت عالمی اقتصادی امور میں ترقی پذیر ممالک کی مو ثر نمائندگی کے لیے اہم موقع ہے ،پاکستان جی 24 کے پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مو ثر انداز میں استعمال کر سکے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین شپ ملنے پر اظہار مسرت کیا اور اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مو ثر کردار کے اعتراف کا اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...