وکیل سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات:نورین نیازی سے آج بیٹیوں کو ملانے کا عدالتی حکم
بشریٰ بی بی سے 11،بانی سے 7 ماہ بعد ملاقات کرائی گئی، 40 منٹ بات چیت کیلئے ناکافی تھے :بیرسٹر سلمان لاہور ہائیکورٹ میں ڈی سی لاہور کل طلب ، حسان کی ملٹری کورٹ کارروائی کیخلاف درخواست پر بھی سماعت
راولپنڈی،اسلام آباد (احمد بھٹی،مانیٹرنگ ڈیسک )اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی سے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی گزشتہ روز ملاقات کرادی گئی۔ اس حوالے سے بیرسٹر سلمان صفدر نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اڈیالہ جیل حکامنے گزشتہ روز پیر کی شام ساڑھے چار بجے میری بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرا ئی ہے ، ملاقات کا دورانیہ 40 منٹ تھا، بار بار درخواستوں کے بعد 7 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی جبکہ 11 ماہ بعد بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی،ملاقات میں تمام مقدمات اور قانونی امور پر بات چیت کیلئے وقت ناکافی تھا،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت اور جیل میں رہائشی حالات سے آگاہ کیا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بعض مقدمات اور قانونی امور پر نئی ہدایات بھی دیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی اور بشریٰ بی بی کو ہونے والی سزائوں کیخلاف اپیل کے تناظر میں کی گئی ، میاں بیوی نے اپنی اپیلوں کے حوالے سے ہدایات دیں۔
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں توسیع کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی اور نورین نیازی کی دونوں بیٹیوں سے آج منگل کو جیل میں صبح دس بجے ایک گھنٹے کی ملاقات کروانے کا حکم دیدیا ۔جسٹس عبہر گل خان نے سکینہ اور شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ہوم سیکرٹری نے رپورٹ پیش کی ۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ نورین نیازی کا ہسپتال میں علاج کروایا گیا اورانہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ہے ،علاج کے دوران 29 اکتوبر کو حاجرہ نیازی کی والدہ سے ملاقات کروائی جاچکی ۔ عدالت نے کہا کہ دونوں بیٹیوں سے والدہ سے ایک گھنٹے کی ملاقات کروائی جائے اور درخواست گزار کا وکیل ملاقات سے متعلق ڈی سی لاہور کو درخواست دے ۔عدالت نے نورین نیازی اور عظمیٰ خانم کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں توسیع پر ڈی سی لاہور کو ذاتی حیثیت میں کل 4 نومبر کو طلب کرلیا،جبکہ نظر بندی کی توسیع کے خلاف درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی ملٹری کورٹ کی تمام کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت کی،سپیشل پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرا دیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیاکہ حسان نیازی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں قابل سماعت ہے تاہم مناسب ہوگا درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب تین ہفتوں میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments