لاہور ہائیکورٹ:اہل ڈیلی ویجز ملازمین مستقل ورکرز قرار
مسلسل کام کرنیوالے ملازمین مستقل قرار پانے کے حق دار ہیں:جسٹس خالد
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کا ڈیلی ویجز ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ، اہل ملازمین کو مستقل ورکرز کا قانونی درجہ دے دیا۔پنجاب کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز میں کام کرنے والے اہل ڈیلی ویجز، ورک چارجڈ اور کنٹیجنٹ پیڈ ملازمین کو مستقل نہ کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیکر کالعدم قرار دیا گیا، جسٹس خالد اسحاق نے قرار دیاکہ پنجاب میں مستقل نوعیت کے کام پر مسلسل 9 ماہ سے زائد خدمات انجام دینے والے اہل ملازمین مستقل ورکرز قرار پانے کے حق دار ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے محمد بلال رضا و دیگر ملازمین کی 26 آئینی درخواستوں پر 26 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔جسٹس خالد اسحاق نے فیصلے میں مزید لکھا کہ مستقل نوعیت کے کام پر مسلسل نو ماہ سے زائد خدمات انجام دینے والے اہل ملازمین مستقل ورکرز قرار پانے کے حق دار ہیں۔ پنجاب حکومت کی 2021 کی پالیسی کا اطلاق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز پر بھی ہوگا اور مستقل ورکرز کا قانونی درجہ حاصل کرنے کیلئے الگ سے نوٹیفکیشن جاری کرنا ضروری نہیں ، ملازمین کی بار بار 89 روزہ تقرریاں مستقل نوعیت کے کام کی حقیقت تبدیل نہیں کر سکتیں، بعض ملازمین کو مستقل ورکرز کا درجہ دینا جبکہ دیگر کو اس حق سے محروم رکھنا امتیازی سلوک ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ ملازمین کو زبانی احکامات کے ذریعے ملازمت سے فارغ کرنا قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں، ملازمت ختم کرنے کے لیے تحریری حکم جاری کرنا اور اس کی وجوہات بیان کرنا ضروری ہے ۔فیصلے کے مطابق قانونی شرائط پوری کرنے والے ملازمین مستقل ورکرز کے حقوق اور قانونی تحفظات حاصل کرنے کے حق دار ہیں، اس میں ڈیٹا انٹری آپریٹرز، سینیٹری ورکرز اور دیگر اہل ملازمین بھی شامل ہیں، مستقل ورکرز کا قانونی درجہ دینے کا مطلب انہیں سول سرونٹ کی حیثیت سے مستقل کرنا یا سول سروس میں خودکار ریگولرائزیشن نہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments