بیرسٹر سیف کو شوکاز ، شٹ اپ کال دی جائے ،تحریک تحفظ آئین
حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں ،4نومبر کو اجلاس میں اے پی سی کی تاریخ کا فیصلہ پی پی کو اے پی سی کی دعوت دینے پر شرمندہ،بانی کی قربانیوں پرسودا نہیں کرینگے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بیرسٹر سیف کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا سے درخواست کی ہے کہ انہیں شوکاز اور شٹ اَپ کال دی جائے ،پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ بیرسٹر سیف کی اب نوکری چلی گئی ہے ، انہیں کوئی لفٹ نہیں کروا رہا اور ان کا پی ٹی آئی سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے ، وہ کس حوالے سے پروپیگنڈا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی، مذاکرات اصولوں کی بنیاد پر ہوں ناکہ سرنڈر کی بنیاد پر، 4 نومبر کو متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلانے جا رہے ہیں جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا حتمی فیصلہ ہوگا، ترجمان نے کہا کہ ہم نے پہلے پیپلز پارٹی کو دعوت دے کر غلطی کی، پیپلز پارٹی نے بدلے میں خیبر پختونخوا میں کیا دیا اس پر ہم دعوت دینے پرشرمندہ ہیں، پہلے پیپلز پارٹی ثابت کرے وہ کس طرف کھڑے ہیں، آئین کی بات کرنے والے بھٹو کے آئین کو سامنے رکھیں تو وہ شرمندہ ہی ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور اس کی حکمت عملی سے متعلق جو اختیار محمود خان اچکزائی اور علامہ راجا ناصر عباس کو دیا گیا ہے کہ اسے کیسے لے کر آگے بڑھنا ہے ، اس متعلق دونوں کی ملاقات نہیں ہو سکی، انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی کی قربانیوں پر کوئی سودا نہیں کیا، ہم نہ ایسا خود کریں گے اور نہ کسی کو ایسا کرنے دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments