احتجاج کیسز:اسد قیصر، لطیف کھوسہ و دیگر کی ضمانت منظور
اسد قیصر کا نام ECLسے نکالنے کی درخواست پر نوٹسز، خاتون جج دھمکی کیس ملتوی
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقر نین نے 26 نومبر اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر، عاطف خان، لطیف کھوسہ اور فیصل امین گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لیں اور ملزمان کو فی کس 5، 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ضمانت 11 فروری تک منظور کی گئی۔ واضح رہے چند روز قبل عدم حاضری پر عدالت نے چاروں رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔ ادھر سول جج میاں اظہر ندیم نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت جیل ٹرائل کیلئے لکھے گئے خط کا جواب نہ آنے پر بغیر کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت کو بتایاگیاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو لکھے گئے خط کا جواب تاحال نہیں آیا۔ علاوہ ازیں انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دیئے اور سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments