پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ،احسن اقبال
مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات توانائی اور خوراک کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے عالمی بینک،آئی ایم ایف پالیسیوں پر نظرثانی کریں، مصدق ،کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان صنعتی،معاشی صلاحیتو ں کو مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کیلئے کوشاں ہے ، پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے ۔اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام 29 ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عالمی سیاسی اور معاشی تبدیلیاں ترقیاتی ترجیحات پر نظرثانی کا تقاضا کرتی ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے تنازعات اور یوکرین جنگ کے اثرات عالمی معیشت، توانائی اور خوراک کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وژن 2025 کے تحت چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری شروع کی تھی، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی تبدیلیوں کو اپنانا ملکی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے ۔ وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی تاکہ ترقی پذیر اور غریب ممالک کو درپیش معاشی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے ۔ ترقی پذیر ممالک کو عالمی مالیاتی نظام میں یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے ۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایک نئے ، منصفانہ اور متوازن عالمی مالیاتی نظام کی ضرورت ہے جس کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات اب ناگزیر ہوچکی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments