شہباز شریف، عاصم منیر سے چینی وزیر کی ملاقات

شہباز شریف، عاصم منیر سے چینی وزیر کی ملاقات

پاک چین دوستی سٹریٹجک شراکت داری کی عکاس ہے :وزیراعظم ،عشائیہ دیا رابطے مزید بڑھانا ہونگے :فیلڈ مارشل ، شراکت داری امن کیلئے قابل اعتماد ذریعہ:ڈار

اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ نے ملاقاتیں کیں، فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی  تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر رابطوں اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔شہبازشریف نے چینی وزیر وزیر لیو ہائی شنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی مضبوط، آزمودہ اور ہر موسم میں قائم رہنے والی سٹریٹجک شراکت داری کی عکاس ہے ۔وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی رابطوں اور دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور عوام کے درمیان گہرے روابط پر استوار ہیں۔

وزیراعظم نے پاک چین سیاسی قیادت کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون کے فروغ میں آئی ڈی سی پی سی کے کردار کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں۔اس موقع پر لیو ہائی شنگ نے چینی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید وسعت دینے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اعلیٰ سطح کے دوروں اور دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تبادلے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر رابطوں اور باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے چینی مہمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔چینی وزیر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں عالمی اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اظہار بھی کیا گیا ۔

فیلڈمارشل نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور اعلیٰ سطح کے رابطے مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات کو سراہا، چینی وزیرنے پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کے مزید فروغ کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔قبل ازیں چینی وزیر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر نے وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گرمجوشی سے وانگ یی کی نیک تمناؤں کا جواب دیا۔اسحاق ڈار نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے صدر شی جن پنگ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے چینی وزیر کے ہمراہ چین کے صدر شی جن پنگ کے پارٹی سازی سے متعلق نظریات کے موضوع پر سمپوزیم اور چین پاکستان گورننس سیمینار میں بھی شرکت کی، اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان اور چین کی شراکت داری خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کیلئے ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد ذریعہ ہے ، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی مضبوطی صرف بین الحکومتی تعاون پر منحصر نہیں بلکہ مسلسل سیاسی مفاہمت، ادارہ جاتی روابط اور ہماری سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں پر استوار ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...