پنجاب:ایجوکیشن اتھارٹیز کی گریڈ1سے 4کی 2ہزاراسامیاں ختم
چوکیدار، گارڈ کی 770، کلاس فور 346،نائب قاصد کی 705اسامیاں شامل ضلع راولپنڈی سے 56اسامیاں ختم ،فیصلہ مالی بوجھ کم کرنے کیلئے کیاگیا:محکمہ خزانہ پنجاب
راولپنڈی (خاور نواز راجہ)صوبائی محکمہ خزانہ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کی سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز میں گریڈ 1 سے گریڈ 4 تک کی 2 ہزار خالی اسامیوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے ،محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ سرکاری خزانے پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنے اور موجودہ افرادی قوت کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ، ختم کی جانے والی اسامیوں میں چوکیدار،سکیورٹی گارڈ کی 770، کلاس فور کی 346، مالی کی 179 اور نائب قاصد کی 705 اسامیاں شامل ہیں، جن کی مجموعی تعداد 2 ہزار بنتی ہے ،حکم نامے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں موجود خالی اسامیوں کو ختم کیا گیا ہے ، راولپنڈی ضلع میں مجموعی طور پر 56 خالی اسامیاں ختم کی گئی ہیں، جن میں 18 چوکیدار/سکیورٹی گارڈ، 8 کلاس فور، 5 مالی اور 25 نائب قاصد کی اسامیاں شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments