20 سال بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش ،ترک جہاز 17 نومبرکوکراچی پہنچے گا
اسلام آباد (دنیا نیوز)سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں 20سال بعد بحال ہونے جا رہی ہیں۔اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ترک پٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا۔
وزیر پٹرولیم کی زیر صدارت ترک سیسمک جہاز کی آمد کے انتظامات سے متعلق اجلاس ہواجس میں جہاز کی آمد، سکیورٹی، سمندری اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ترک جہاز کی کراچی آمد پر خود استقبال کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد ایک اہم سنگ میل ہے ۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستان اور ترکیہ مل کر ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔ترک پٹرولیم کے پراجیکٹ منیجر نے پاکستانی حکام کی جانب سے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments