چار ماہ کا تجارتی خسارہ 14.6ارب، اکتوبر میں 3.9ارب ڈالر

چار ماہ کا تجارتی خسارہ 14.6ارب، اکتوبر میں 3.9ارب ڈالر

گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تجارتی خسارہ تقریباً 16فیصد بڑھ گیا اکتوبر میں درآمدات 6.8ارب، برآمدات 2.93ارب ڈالر رہیں

اسلام آباد (مدثر علی رانا) رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 14.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 12.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد زیادہ ہے ۔ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق اکتوبر 2026 میں تجارتی خسارہ 3.9 ارب ڈالر رہا جو اکتوبر 2025 کے مقابلے میں 19.7 فیصد جبکہ ستمبر 2026 کے مقابلے میں 10.3 فیصد زیادہ ہے ۔اکتوبر 2026 کے دوران برآمدات 2.93 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 6.8 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اکتوبر 2025 کے مقابلے میں برآمدات میں 2.2 فیصد اور درآمدات میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ستمبر 2026 کے مقابلے میں برآمدات 0.2 فیصد جبکہ درآمدات 5.7 فیصد بڑھیں۔

اکتوبر 2025 میں برآمدات کا حجم 2.84 ارب ڈالر اور درآمدات 6 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران برآمدات میں تقریباً 8 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات میں 80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق برآمدات اور درآمدات کے لیے فی ڈالر کی قدر تقریباً 278 روپے مقرر کی گئی ہے ۔دوسری جانب رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران خدمات کی برآمدات میں تقریباً 22 فیصد جبکہ درآمدات میں 16.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس عرصے میں خدمات کی برآمدات کا حجم 2.71 ارب ڈالر سے زائد جبکہ درآمدات 3.54 ارب ڈالر رہیں۔ اس طرح خدمات کے شعبے کا تجارتی خسارہ 83 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال 2025-26 کی اسی سہ ماہی کے برابر تھا۔ رپورٹ میں اس دوران تقریباً 0.3 فیصد کمی بھی ظاہر کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...