جنگوں کے ماحولیاتی نقصان سے نسلیں متاثر ہوتی ہیں، مراد علی شاہ
قدرتی وسائل کی تباہی سے انسانی بحران بڑھتا ، ایران جنگ سمندری حیات کیلئے خطرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جنگی تنازعات میں ماحول کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جنگوں کا ماحولیاتی نقصان نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی شدید متاثر کرتا ہے ۔ جنگی تنازعات میں قدرتی وسائل کی تباہی انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے نہ صرف انسانی زندگیوں کو بلکہ سمندری حیات کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران میں ماحولیاتی ایکو سسٹم کی تباہی کے اثرات سے پورا خطہ متاثر ہوگا۔ فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہاں مسلسل بمباری سے شہری آبادی، زرعی زمینیں اور پانی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور اس ماحولیاتی تباہی کے بھیانک اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگی تنازعات میں ماحول کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے ۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جنگ کی صورت میں بھی پانی، زمین، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ سندھ حکومت صوبے میں ماحول کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments