تھر کے کوئلے کو صنعتی ترقی کا ذریعہ بنایا جا رہا ، شرجیل میمن
بجلی گھروں کے ساتھ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی مقامی کوئلے کی فراہمی ممکن ہو سکے گی منصوبہ شروع ، سالانہ پیداواری صلاحیت بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی ،سینئر وزیر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو بجلی کی پیداوار سے آگے بڑھا کر صنعتی ترقی کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے ، تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی گئی ہے ، جس سے کوئلے کی پیداوار میں سالانہ 3.6 ملین ٹن کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس اضافے کے بعد بجلی گھروں کے ساتھ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی مقامی کوئلے کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کوئلے کو صنعتی استعمال کے لیے بہتر بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے ، جبکہ تھر کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے پر 68 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ دیگر صنعتی خریداروں کو کوئلے کی فروخت سے متعلق اخراجات بجلی صارفین کے ٹیرف پر منتقل نہیں کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کوئلے سے کول گیسی فکیشن، میتھانول اور مختلف کیمیکلز کی تیاری میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ کوئلے کو صرف ایندھن کے بجائے صنعتی خام مال کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات پر بھی کام کیا جا رہا ہے ، جس سے نئی صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ تھر کے قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور ضروری انفرااسٹرکچر کے ذریعے ملکی صنعتی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ مقامی وسائل کے بہتر استعمال سے نہ صرف توانائی کے تحفظ کو تقویت ملے گی بلکہ ملک کی معاشی خودمختاری کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments