ہر گھر تک صاف پانی پہنچانا سندھ حکومت کا عزم، وزیراعلیٰ

ہر گھر تک صاف پانی پہنچانا سندھ حکومت کا عزم، وزیراعلیٰ

سکھر کے عوام کو پیاسا نہیں چھوڑ سکتے ، آبادی میں اضافے کے پیش نظر جدید نظام ناگزیر شہر کو چین کے شہر یچانگ کیساتھ سسٹر سٹی کا درجہ دینے کی تجویز زیر غور،مرادشاہ، اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر شہر کے عوام کو پینے کے پانی کے لیے مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ، صاف، محفوظ اور بلا تعطل پانی کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ،سکھر کے عوام کو پیاسا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سکھر واٹر سپلائی منصوبے اور اس کے مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پی پی پی یونٹ سید قاسم نوید، میئر سکھر ارسلان شیخ، پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعلیٰ آغا واصف، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد ودیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا 1998 سے 2023 کے درمیان سکھر کی آبادی میں تقریباً 68 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جس کے پیش نظر شہر کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدید واٹر سپلائی سسٹم کی تیاری ناگزیر ہے ،متعلقہ محکمے آبادی میں اضافے ، شہری پھیلاؤ اور پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کریں تاکہ ہر گھرانے کو صاف اور محفوظ پانی دستیاب ہو۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت روزانہ 40 سے 50 ملین گیلن پانی صاف کرنے کی گنجائش تجویز کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پانی صاف کرنے کی صلاحیت اور سرمایہ کاری کا تعین حقیقی ضروریات، مستحکم تکنیکی منصوبہ بندی اور آپریشنل تیاریوں کی بنیاد پر کیا جائے ۔ منصوبے میں بکھر آئی لینڈ، بندر روڈ، نمائش گاہ اور ایئرپورٹ روڈ پر قائم موجودہ واٹر ٹریٹمنٹ تنصیبات کی بہتری کے ساتھ پانی کی پمپنگ اور تقسیم کے نظام کو بھی جدید بنایا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ نظام شہر کی تقریباً 60 سے 70 فیصد پانی کی طلب پوری کر رہا ہے ، جبکہ 2 ارب 14 کروڑ روپے کی جاری اے ڈی پی اسکیم مکمل ہونے سے پانی کی فراہمی کا دائرہ 80 سے 90 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے ۔ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ پانی صاف کرنے کی گنجائش اور تقسیم کے نیٹ ورک میں بہتری کے اقدامات بیک وقت آگے بڑھائے جائیں۔ صرف پانی کی پیداوار بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، جب تک صاف کیا گیا پانی شہر کے تمام علاقوں میں گھروں تک نہیں پہنچتا۔سکھر کی ترقی سے متعلق اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا سکھر کو چین کے دریائے یانگسی کے کنارے واقع شہر یچانگ کے ساتھ سسٹر سٹی کا درجہ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس تعلق سے چینی شہر کے ترقیاتی تجربات سے استفادہ کرنے اور سکھر کو جدید و منظم شہری مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔ دریائے سندھ کے کنارے واقع سکھر کی اپنی منفرد شناخت اور صلاحیتیں ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے شہر کی ترقی کے منصوبے ترتیب دیے جانے چاہئیں۔ سکھر بیراج کی بہتری اور شہری ترقی سے جدید سہولیات، قدرتی حسن اور گردونواح کے دیہی ماحول کا خوبصورت امتزاج پیدا کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے محکمہ بلدیات، پی پی پی یونٹ اور سکھر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ہدایت کی کہ منصوبے کو عملی اور پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے ۔ عوامی مفاد، صارفین کے حقوق، معیاری خدمات اور مالی استحکام کو اولین ترجیح دی جائے ، جبکہ زیر التوا معاملات حل کرکے مقررہ مدت میں منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت پائیدار انفرااسٹرکچر، بہتر خدمات اور جدید انتظامی نظام کے ذریعے سکھر کے پانی کی فراہمی کے نظام کو تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...